پشاور (نوائے وقت نیوز) حکومت نے سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج و معالجے پر پابندی عائد کر دی۔ صوبائی حکومت کے اعلامیے کے مطابق سرکاری فنڈز پر بیرون ملک ورکشاپ اور سیمینارز میں شرکت پر بھی پابندی ہوگی جبکہ حکومت کے خرچ پر فائیوسٹار ہوٹلز میں ورکشاپ اور سیمینارز کا انعقاد بھی نہیں کیا جا سکے گا۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تین سال سے خالی اسامیوں کو محکمہ خزانہ کی مشاورت سے ختم کیا جائے گا اور محکمہ خزانہ کی اجازت کے بغیر خالی پوسٹوں پر بھرتی اور نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد ہوگی۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے ہدایت نامہ انتظامی سیکرٹریز‘ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو جاری کر دیا گیا ہے۔