لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رات گئے بغیر پروٹوکول تین گھنٹے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ کوپر روڈ، منٹگمری روڈ، ایبٹ روڈ، ایمپرس روڈ، ریلوے سٹیشن روڈ، مغلپورہ لنک روڈ، گڑھی شاہو روڈ، باغبانپورہ، کینال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ مین بلیووارڈ اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا۔ تھانہ مغلپورہ اور تھانہ شادمان، ریلوے سٹیشن کے قریب پناہ گاہ کا بھی دورہ کیا اور لاہور میں شہری سہولتوںکا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تھانہ مغلپورہ میںصفائی کے ناقص انتظامات اور وہاں موجود لوگوں کی شکایات پر برہمی کا اظہارکیا۔ شہر میں ضروری سہولتوں میں فقدان، صفائی کے ناقص انتظامات اور دیگر سہولتوں کی کمی پر سخت ایکشن لیا اور بعض افسروں کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ بعض افسروں کو تبدیل کیا گیا ہے اور بعض افسروں کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر فرائض سے غفلت برتنے اور عوامی شکایات پر ڈی ایس پی مغلپورہ عاطف معراج اور ایس ایچ او تھانہ مغلپورہ طاہر کو معطل کر دیا گیا۔ عثمان بزدار نے سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید اور ایس پی سول لائنز صفدر رضا کاظمی کی کارکردگی پر اظہار ناراضی کیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کامران خان کی کارکردگی پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مبشرکو معطل کر دیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ نے ڈی جی سوشل ویلفیئر شاہد نیازکی کارکردگی پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ ایڈیشنل ڈی جی پی ایچ اے طارق علی بسرا کو عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنادیاگیا ہے جبکہ میونسپل آفیسر (انفراسٹرکچر اینڈ سروسز) میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور انور ساجدکو معطل کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ اور ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال، چیف ٹریفک آفیسر لاہورکیپٹن (ر) حماد رضا کی کارکردگی پر اظہار ناراضی کیا ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جو کام کرے گا، وہی عہدے پر رہے گا۔ میں نے تین گھنٹے تک صفائی کی صورتحال، سٹریٹ لائٹس اور دیگر شہری سہولتوں کا جائزہ لیا۔ تھانوں میں گیا اور لوگوں کے مسائل سنے۔ پناہ گاہ میں بھی مقیم لوگوں سے ملا اور ان کے مسائل کا جائزہ لیا۔ جہاں کمی اور کوتاہی نظر آئی، وہاں پر ذمہ داری کا تعین کر کے کارروائی کی گئی ہے ۔ میں آئندہ بھی اسی طرح سرپرائز وزٹ کروںگا۔ عثمان بزدار بغیر پیشگی اطلاع شہر کے دورے پر نکلے۔ لبرٹی کے قریب پارک میں سوئے ہوئے بعض افراد کو پناہ گاہ میں منتقل کرنے کی ہدایت کی اور اسی وقت ڈپٹی کمشنر لاہور کو فون کر کے ان افراد کو پناہ گاہ شفٹ کرنے کیلئے ہدایات دیں۔ عید الاضحی کے پیش نظر سمارٹ لاک ڈائون پر عملدرآمدکیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ بعض مقامات پر کوڑا کرکٹ دیکھ کر برہمی کا اظہارکیا اورلاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کو فون کر کے کوڑا کرکٹ اٹھانے اور شہر میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی۔عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں عید الاضحی کے موقع پر کرونا کا پھیلاؤ روکنے، شہروں میں صفائی کیلئے کیے گئے انتظامات اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے عیدالاضحی پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نمازعیدکے اجتماعات کی سکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ عید پر فیلڈ میں جائوں گا اور خودصفائی کی صورتحال کا جائزہ لوں گا۔ رواں برس انتظامات کو خوب سے خوب تر ہونا چاہئے اور عوام کو ریلیف نظر آنا چاہئے۔ بڑے شہروں میں صفائی کے انتظامات میں کو تاہی ہرگز برداشت نہیں کروں گا۔ عثمان بزدارنے میٹنگ کے دوران دیگر امور نمٹانے پراظہار برہمی کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ٹوبہ ٹیک سنگھ کی سرزنش کی۔ عثمان بزدارنے چلاس میں سی ٹی ڈی کے اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے اور فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔
ڈی ایس پی، ایس ایچ او مغلپورہ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر، میونسپل افسر معطل، کام کرنے والا ہی عہدے پر رہیگا: عثمان بزدار
Jul 29, 2020