اسلام آباد+جدہ (سپیشل رپورٹ+امیر محمد خان) سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے حج کے دوران ارکان حج کی بلا رکاوٹ اور محفوظ ادائیگی کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں،اس سال میدان عرفات سے حج کا خطبہ شیخ عبداللہ بن سلیمان دیں گے، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منظوری دے دی۔ سعودی سکیورٹی فورسز کے سربراہ جنرل خالد کے مطابق حج آپریشن کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں، مقدس مقامات میں انٹری پوائنٹس پر سکیورٹی فورسز متعین کر دی گئی ہیں اور صورتحال کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جنرل خالد الحریبی نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں اور کوشش ہے کہ حج کا پورا عمل محفوظ طور پر مکمل ہو جائے۔ علاوہ ازیں خادم حرمین شریفین شاہ سلیمان کی جانب سے حجاج میں قیمتی جائے نمازکے تحائف تقسیم کئے گئے اور خادم حرمین شریفین شاہ سلیمان کی جانب سے پیغام میں کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کے حج کو قبول کرے اور آپ لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے،امین۔دریں اثناء مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی نے منگل کو بیان جاری کرکے کہا کہ شاہ سلمان نے اس سال میدان عرفات سے حج کا خطبہ دینے کے لیے شیخ عبداللہ کے نام کی منظوری دے دی ہے۔یاد رہے کہ دنیا بھر کے مسلمان میدان عرفات سے حج کا خطبہ بڑی عقیدت سے سنتے ہیں۔ اس سال دس زبانوں میں اس کا ترجمہ بھی براہ راست پیش کیا جائے گا۔ شیخ عبداللہ سعودی عرب کے ممتاز علما بورڈ کے رکن اور ایوان شاہی کے مشیر ہیں۔ ابتدائی تعلیم شقرا کے پرائمری سکول میں حاصل کی پھر الاحسا میں تجارت سے منسلک ہوگئے۔شقرا کے پرائمری سکول میں تدریس کے فرائض بھی انجام دیے۔ 1377ھ میں امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ متعدد کتابوں کے مصنف ہیں۔عبداللہ بن سلیمان المنیع الوشم کے شقرا علاقے میں 1349ھ کو مطابق 6 دسمبر 1930 کو پیدا ہوئے تھے۔ ان کی عمر 89 برس ہے۔
حج: محفوظ ادائیگی کیلئے انتظامات مکمل، خطبہ شیخ عبداللہ بن سلیمان دینگے
Jul 29, 2020