لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک عظمت آل و اصحاب رسول صلی اللہ پاکستان کے زیراہتمام ہونیوالی پریس کانفرنس میں سجادہ نشین حضرات نے کہا ہے کہ ملکی حالات پریشان کن ہیں، مذہب و مسلک کی زبوں حالی انتہائی افسوسناک اور پریشان کن ہے، ان حالات میں پنجاب اسمبلی اراکین کی جانب سے ’’تحفظ اسلام بل‘‘ منظور کر لیا گیا ہے۔ انتشار و افتراق کے اس دور میں ہم عجیب دوراہے پر کھڑے ہیں۔ مملکت خداداد پاکستان جو ہمارے بزرگوں نے بے پناہ قربانیوں کے بعد حاصل کیا تھا، اب اس ملک میں کہیں سیکولر طاقتیں، کہیں قادیانی اور کہیں شرپسند عناصر امن مخالف قوتوں کے آلہ کار بن کر مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کو ہوا دیکر قتل و غارت گری کا ایک نیا بازار گرم کرنا چاہتے ہیں۔ ان نازک ترین حالات میں ملک کی غالب اکثریت اہلسنّت کے نمائندہ ہونے کی حیثیت سے اسلامیانِ پاکستان سے ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہمارے اکابر اہلسنّت نے اس ملک کو بنایا تھا اور ہم بانیانِ پاکستان کے وارث ہیں اور ہم ہی ان شاء اللہ اسکو بچانے کیلئے ان شرپسند عناصر اور ملک دشمن قوتوں کا ہر سطح پر مقابلہ کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار پیر سید منور حسین جماعتی نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پیر سید محمدعرفان شاہ مشہدی، پیر سید اسرار الحسن شاہ، پیر سید منور حسین بخاری، پیر سید محمد محفوظ شاہ، پیر سید واجد علی شاہ گیلانی، پیر سید خالد حسین شاہ، مفتی محمداقبال چشتی، علامہ مفتی محمدعظیم قادری، علامہ صاحبزادہ پیر محمدعبدالمصطفیٰ، شہزادہ سید محمداحسن گیلانی و دیگر نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس وقت اندرونی و بیرونی سازشوں کے تحت ملک میں فسادات کروانے کی کوششیں ہو رہی ہیں، اس موقع پر ملک کے مقتدر حلقوں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی خاموشی پر حیرت ہو رہی ہے، ہمیں کسی کیساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، ہمارا مطالبہ صرف یہ ہے کہ وطن عزیز میں جو کوئی بھی اہل بیت، اْمہات المومنین اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا گستاخ ہے اسے آئین پاکستان کے تحت سزا دی جائے۔ تمام مسالک کے ماننے والوں سے گزارش ہے کہ گستاخ کو کوئی اپنا نہ کہیں۔
پاکستان کو بچانے کیلئے دشمن قوتوں کا مقابلہ کریں گے: منور حسین جماعتی
Jul 29, 2020