ملتان (سپیشل رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں اٹلی کے سفیر انڈریاس فیرارسیع کے ساتھ ملاقات کی اور اٹلی میں کرونا کی وجہ سے ہونے والی اموات پر اظہار تعزیت کیا۔امیر جماعت اسلامی نے کورونا وباء سے نپٹنے پر اٹلی کے سفیر کو مبارک باد بھی دی۔سینیٹر سراج الحق نے اٹالین سفیر کو کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیااور کہا کہ مودی قصاب ہے جس نے کشمیر کی آئینی حیثیت کو گزشتہ ایک سال سے تبدیل کردیا ہے۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ نے مودی کے اس غیر آئینی اقدام کی مذمت کی ہے۔کشمیر کی سیاسی قیادت گزشتہ ایک سال سے جیلوں میں قید یا گھروں پر نظر بند ہے ،بھارت نے ایک سال سے کشمیر میں ڈبل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے۔اسی لاکھ کشمیری محصور ہیں ،بھارت نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے۔سینیٹر سراج الحق نے یورپی یونین کومسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی قوتیں ہیں اگر ان کے درمیان جنگ چھڑ گئی توپوری دنیا اس تباہ کن جنگ کی لپیٹ میں آسکتی ہے ،اس لئے عالمی برادری ،اقوام متحدہ اور یورپی یونین کو اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے دنیا کو ا س جنگ سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سینیٹرسراج الحق نے سفیر کو اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔اٹالین سفیر انڈریاس فیرارسیع نے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانے کیلئے یورپی یونین کے ممبران ممالک سے بات کریں گے اور اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔