میگھن کو الوداعی پارٹی میں کیٹ نے ڈانٹا تھا‘ برطانوی مصنف کا دعویٰ

Jul 29, 2020

لندن (نمائندہ خصوصی) شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی زندگی پر لکھی گئی کتاب میں انکشاف کیا گیا ہے کہ برطانیہ کے شاہی خاندان میں بھی عام گھرانوں جیسے جھگڑے ہیں۔ فائنڈنگ فریڈم نامی کتاب میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن پر الزامات کی بوچھاڑ کی گئی ہے۔ مصنف نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزادی کیٹ مڈلٹن میگھن مارکل کو پسند نہیں کرتی تھیں اور دونوں کے درمیان ہمیشہ ان بن رہی۔ میگھن مارکل کو شاہی خاندان میں الوداعی پارٹی کے دوران کیٹ مڈلٹن نے ڈانٹا تھا۔ کیٹ مڈلٹن نے تمام الزامات مسترد کر دیے ہیں جب کہ ہیری اور میگھن مارکل نے بھی کتاب کے لیے انٹرویو دینے کی تردید کی ہے۔ دوسری جانب کیٹ اور ولیم کے دوستوں کا کہنا ہے کہ شاہی جوڑے نے میگھن مارکل کو شاہی خاندان میں کھلے دل سے خوش آمدید کہا تھا۔ اس کتاب کی اشاعت سے شہزادہ ولیم کی دل آزاری ہوئی ہے۔ برطانوی شہزادی کا کہنا ہے کہ میگھن مارگل کو شاہی خاندان میں قبول نہ کرنے کا الزام غلط ہے۔ شاہی خاندان کا کہنا ہے کہ کتاب محض مصنف کے ذاتی تجربات کی بنیاد پر لکھی گئی ہے۔ فائنڈنگ فریڈم نامی کتاب میں کتنا سچ ہے اور کتنا جھوٹ اس کا صحیح اندازہ تو آنے والے وقت میں ہوگا لیکن آج سے تین ماہ قبل شاہی خاندان سے الگ ہونے والی میگھن مارکل نے علیحدگی کا ذمہ دار شاہی خاندان کے رویئے کو قرار دیا تھا۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق میگھن مارکل نے اپنی دوست کو بتایا کہ انہیں کیٹ مڈلٹن کے مقابلے میں تعصب کا سامنا کرنا پڑا۔ بقول میگھن شاہی خاندان میں کیٹ کو زیادہ اہمیت حاصل تھی۔ شہزادہ ہیری کی اہلیہ کے مطابق میڈیا نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا لیکن شاہی خاندان خاموش رہا۔ میگھن نے کہا اگر کیٹ مڈلٹن کے ساتھ ایسا ہوتا تو میڈیا قوانین ہی بدل دیئے جاتے۔

مزیدخبریں