اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل)وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے ذیلی شعبہ نیشنل کر یکولم کو نسل کی جانب سے ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم کے نفاذ کے لئے پری ون سے پانچویں جماعت کا نصاب کا مسو دہ تیار کر لیا گیا ہے، یکساں نصاب میں قرآن پاک کی تعلیم اور سنت رسول ﷺ سمیت پاکستان کا دستور ، قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کا ویژن ، قومی سلامتی ، حب الوطنی ، قانون کی حکمرانی، سماجی ترقی، ماحولیاتی تبدیلی ، امن و برداشت ، انسانی حقوق ، صنفی برابری سے متعلق اسباق شامل کئے جائیں گے، بچوں کے تحفظ سے متعلق مواد بھی نصاب میں شامل ہوگا، انگریزی مضمون کی بجائے بطور زبان پڑھائی جائے گی، جبکہ اسلامیات کا مضمون گریڈ تین کے بجائے گریڈ ون سے پڑھایا جائے گا۔ روز نامہ نواے وقت کو دستیاب قومی نصاب کو نسل کی جانب سے یکساں نصاب (سنگل نیشنل کریکولم) کے مسودے کے مطابق پڑھائے جانے والے مضامین میں اخلاقیات سے متعلق اسباق بھی شامل کئے جائیں گے جبکہ اسباق میں ایسا مواد شامل کیا جائے گا جس سے نہ صرف بچوں کو سو چنے سمجھنے کا موقع ملے بلکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو عملی طور پر استعمال میں لا سکیں۔ چوتھی سے پانچویں جماعت کے جنرل سائنس مضمون میںجدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اسبا ق شامل ہوں گے،ماحول کی بہتری سے متعلق اقدامات، سائنسی مہارت سیکھنے سے متعلق اسباق و دیگر شامل کئے جائیں گے۔ چوتھی و پانچویں کلاس میں سو شل سٹڈیز کے مضمون میں پاکستانی شہریت، ریاستی خدوخال، تاریخ، معیشت، ثقافت، جغر افیہ سے متعلق اسباق شامل ہوں گے، علاوہ ازیں گلوبل اور ڈیجیٹل سٹیزن شپ سے متعلق مواد بھی شامل کیا جائے گا، جمہوریت اور قدیم تہذیبوں سے متعلق بھی مضا مین نصاب کا حصہ ہوں گے۔ پری ون (نر سری و کے جی) جماعت میں زبان، صحت، صفائی، آرٹ، جسمانی و سماجی تبدیلی، بنیادی ریاضیسے متعلق اسبا ق ہوں گے، مثبت رویے اور مہارت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ پہلی سے تیسری جماعت میںجنرل نالج کے مضمون میں بچوں کا تحفظ، سکول ، گھر اور سماج میں مثبت رویے، شخصیت سازی، حب الوطنی، لوکل اور گلوبل سٹیزن شپ، بڑوں کا ادب، امن پسندی، تحمل و برداشت، اخلاقیات سے متعلق مو ضوعات شامل ہیں۔ پہلی سے پانچویں جماعت تک انگریزی مضمون نہیں بلکہ زبان کے طور پر پڑھائی جائے گی جس میں انگریزی زبان سیکھنے سے متعلق مختلف طریقے اور سر گرمیاں بتائی جائیں گی، سننے اور بولنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، انٹر ایکٹیو سیشن بھی کلاس رومز کا حصہ ہوں گے، وقتا فوقتا نئے تھیم بھی متعارف کرائے جائیں گے۔ تقریر کرنے کا فن، تخلیق نگاری اورجمالیاتی حس کو بہتر بنانے سے متعلق اسباق پہلی مرتبہ شامل کئے جائیں گے۔ پہلی مرتبہ اسلامیات کے مضمون کو پہلی جماعت سے متعارف کرایا جائے گا، اس سے قبل اسلامیات بطور مضمون تیسری جماعت سے پڑھایا جاتا تھا،اسلامیات کے مضمون میں مواد سے متعلق وفاقی اداروں سمیت اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان سے مشاورت کی گئی ہے ، مضمون میں قرآن پاک کی تعلیم سے متعلق نئے اسباق شامل کئے گئے ہیں، ناظرہ قرآن کے تعلیم بھی دی جائے گی جبکہ پہلی سے دسویں جماعت تک دو سو احادیث بھی پڑھائی جائیں گی، پہلی سے آٹھویں جماعت تک سورتیں حفظ کرنے کے ساتھ ساتھ چالیس احادیث بھی پڑھائی جائیں گی، پہلی مرتبہ 'اسلامی تعلیمات اور دور حاضر کے طریقے ' اور حسن معاملات و معاشرت سے متعلق اسباق بھی مضمون کا حصہ ہیں۔