ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت) تھانہ ہڑپہ کی حدود میں اولڈ ہڑپہ روڈ پر آبادیاں بھٹیاں ککھاں والا موڑ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ دوسرا ڈاکو موٹرسائیکل پر فرار ہو گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ غلہ منڈی کی حدود میں کانسٹیبل سروت سے مچھلی فارم کے قریب 2نامعلوم ملزمان گن پوائنٹ پر رائفل چھین کر موٹرسائیکل 125پر ہڑپہ کی جانب فرار ہو گئے۔ بذریعہ وائرلیس اطلاع ملنے پر ہڑپہ پولیس کے ایس ایچ او ذیشان بشیر ڈوگر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ککھاں والا موڑ کے قریب ناکہ بندی کی۔ اس دوران ملزموںکو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزموں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ اس دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے مارا گیا جبکہ دوسرا ملزم فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ملزم کے قبضہ سے سرکاری رائفل سمیت دو رائفلز معہ گولیاں اور بیگ برآمد ہوا ہے ۔
ہڑپہ : پولیس سے رائفل چھیننے والا ڈاکو مبینہ مقابلے میں ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک
Jul 29, 2021