اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں مضبوط معاشی سرگرمیوں کا اعتراف کرلیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق منگل کو جاری کی جانے والی عالمی معاشی آؤٹ لک (ڈبلیو ای او) کی اپڈیٹ میں آئی ایم ایف نے وسیع پیمانے پر کرونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کے پھیلاؤ اور اس کے نتیجے میں معاشی سرگرمیوں پر دباؤ کی وجہ سے بھارت کی موجودہ سال کی شرح نمو میں تین فیصد کمی کی۔ آئی ایم ایف نے نشاندہی کی کہ ’چند ممالک (جیسے مراکش اور پاکستان) میں مضبوط سرگرمیوں کی وجہ سے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لیے منصوبوں پر نظر ثانی کی گئی ہے۔ جزوی طور پر چند دیگر میں کمی کی گئی ہے تاہم اس نے پاکستان کی متوقع نمو کی شرح کا خاص طور پر ذکر نہیں کیا جو آئی ایم ایف نے رواں سال اپریل میں 2022ء کے لیے 4 فیصد اور 2026ء کے لیے 5 فیصد کی پیش گوئی کی تھی۔ عالمی ادارے کا کہنا تھا کہ 2021ء کی عالمی پیش گوئی اپریل 2021ء کے ڈبلیو ای او سے بدلی نہیں گئی تاہم اس میں بہت نظرثانی کی گئی ہے۔