راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) دربار عالیہ عید گاہ شریف جہاں مذہبی و روحانی اعتبار سے پوری دنیا میں ایک ممتاز اور منفرد مقام رکھتا ہے وہیں وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و اتحاد، امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بین المسالک اتحاد اور وحدت ملک و ملت کیلئے بھی بے شمار گراں قدر خدمات سر انجام دینے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ محرم الحرام کی آمد پر ملک بھر میں امن و امان کے قیام اور ہر قسم کی فرقہ واریت و انتشار کی روک تھام کیلئے ملک بھر کی تمام ممتاز خانقاہوں کے سجادہ نشین و مشائخ عظام اور تمام مسالک ومکاتب فکر کے جید علمائے کرام کا ایک اہم اجلاس پیر محمد نقیب الرحمن کی زیر صدارت آستانہ عالیہ عید گاہ شریف میں ہوا جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر ڈاکٹر نورالحق قادری، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز، وزیراعظم کے معاون خصوصی علامہ حافظ طاہر اشرفی اور پروفیسر ڈاکٹر ساجد الرحمن و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ اور متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا اور خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان نا صرف ہمارا گھر اور ہماری چھت ہے بلکہ پورے عالم اسلام میں مدینہ منورہ کے بعد اور مدینہ منورہ کا صدقہ ایسی مملکت ہے جو خالصتاً دین متین اسلام کے نام پر معرض وجود میں آئی ہے اور جہاں پر نا صرف مسلمانوں بلکہ تمام مذاہب کو اپنی زندگیاں اپنے مذہبی عقائد کے مطابق گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ یہاں پر بسنے والے تمام عوام کو ملکی سلامتی و ترقی کیلئے تمام اختلافات بھلا کر اخوت، رواداری، امن پسندی اور بھائی چارے کے ساتھ اپنی زندگیاں اپنے اپنے عقائد و مذاہب کے مطابق بسر کرنا چاہئیں تو یہ صرف اسی صورت ممکن ہے کہ جب اپنے مذہب و مسلک کو چھوڑا نہ جائے اور دوسروں کے مذاہب و عقائد کو چھیڑا نہ جائے کیونکہ تمام تر فرامین الٰہی و فرامین نبوی ﷺ صلہ رحمی اختیار کرنے، مخلوق خدا کے بڑھ چڑ ھ کر کام آنے اور نیکی کے کاموں میں ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور ہر قسم کی برائی و شر کی روک تھام کرنے کا پیغام اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہیں۔ تمام مسلمان جسم واحد کی مانند ہیں اور ان میں انتشار و بد امنی پھیلانے والوں کا نہ تو دین متین اسلام کے ساتھ کوئی تعلق ہے اور نہ وہ وطن عزیز پاکستان کے خیر خواہ ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق رکھیں اور سب مل کر اللہ تعالیٰ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔ اجلاس کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے تمام مشائخ عظام، علمائے کرام اور شرکائے اجلاس کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا اور اجلاس کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور پوری دنیا سے کرونا وباء کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کی۔
مسلمان جسد واحد ، انتشار پیلانے والوں کا دین سے تعلق نہ ملک کے خیر خواہ
Jul 29, 2021