لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن احتجاج کی دھمکیوں سے وزیراعظم عمران خان کو دبائو میں نہیں لاسکتی۔ تحریک انصاف سیاسی مخالفین کا ہر محاذ پر بھرپور مقابلہ کر ے گی۔ اپوزیشن اگر انتخابی عمل کو شفاف بنانے میں سنجیدہ ہے تو وہ حکومت کی دعوت پر انتخابی اصلاحات پر بات کیوں نہیں کرتی؟۔ ہم ایسا شفاف انتخابی عمل چاہتے ہیں جس پر ہارنے والا بھی انگلی نہ اٹھا سکے۔ سیاسی مخالفین کے سوا ہر کوئی ملکی معاشی ترقی اور استحکام کا اعتراف کر رہا ہے۔ وہ گورنر ہائوس لاہور میں صوبائی وزیرسردار آصف نکئی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن کی حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی دھمکیوں سے ہم خوفزدہ ہونیوالے نہیں اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ میں نہ مانوں کی سیاست کرنے کی بجائے آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج کو تسلیم کر لے کیونکہ عوام نے اپوزیشن نہیں پاکستان تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن یہ سمجھتی ہے کہ وہ وفاقی درالحکومت میں احتجاج یا دھرنے کی دھمکیوں سے حکومت کو خوفزدہ کرلے گی تو ایسا کسی صورت نہیں ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ عمران خان پہلے کبھی کسی دبائو میں آئے ہیں اور نہ ہی آئندہ آئیں گے۔ اْنہوں نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کو پانچ سال حکومت کرنے کا مینڈ یٹ دیا ہے اس لیے عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر 2023ء میں ہی ہوں گے۔
اپوزیشن کی دھمکیاں عمران کو دبائو میں نہیں لاسکتیں: گورنر
Jul 29, 2021