ایف بی آرنے تمام مقامی ٹیکسزکیلئے  سنگل تشخیصی نمبر متعارف کر ادیا

Jul 29, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ایف بی آرنے تمام مقامی ٹیکسز کے لئے سنگل تشخیصی نمبر متعارف کیا ہے۔ اس اقدام سے تما م ٹیکس گزار افراد انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے تحت تمام ایپلیکیشنز کو صرف شناختی کارڈ نمبر کے اندراج سے استعمال کر سکتے ہیں۔ شراکت داری پر مبنی فرمز اور کمپنیز کے لئے نیشنل ٹیکس نمبر مشترکہ ٹیکس تشخیصی نمبر ہو گا۔ اس  اقدام سے سیلز ٹیکس ، انکم ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز قوانین میں ہم آہنگی لائی گئی ہے۔ کاروباری آسانی اور ریٹنگ میں بہتری کی طرف  یہ نہایت اہم اقدام ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے آن لائن ٹیکس ادائیگی کی سہولت بھی متعارف کی ہے۔ یہ سہولت متبادل ڈیلیوری چینل ادائیگی کہلائی جاتی ہے۔ اس طریقہ کار کی بدولت ٹیکس گزار تمام وفاقی ٹیکسز جن میں انکم ٹیکس ، سیلز ٹیکس ، کسٹمز ڈیوٹی اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی شامل ہیں، کو کسی بھی کمرشل بینک اکاؤنٹ سے انٹر نیٹ بینکنگ، اے ٹی ایم، موبائل بینکنگ اور کانٹیکٹ سینٹر کے ذریعے ادا کرسکتے ہیں۔ تاہم ٹیکس گزار افراد کے لئے آن لائن طریقہ ادائیگی کے ساتھ مینوئل طریقہ سے ٹیکس ادائیگی کو 30 ستمبر 2021 تک جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے تا کہ ٹیکس گزار افراد کو ٹیکس گوشوارے داخل کرنے میں کوئی دشواری نہ پیش آئے۔

مزیدخبریں