اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان اور برازیل میں سیاسی مشاورت (بی۔پی۔سی) کا پانچواں دور وڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوا۔ پاکستان کی طرف سے وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (امریکاز) فیصل نیاز ترمزی جبکہ برازیل کی جانب سے ان کی وزارت خارجہ کی سیکریٹری ایشیاء پسیفک اور روس محترمہ مارسیا ڈونر نے اپنے اپنے وفد کی قیادت کی۔ برازیل میں پاکستان کے سفیر احمد حسین دایو نے برازیلیا سے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ دونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایڈیشنل سیکریٹری نے زور دیا کہ پاکستان اور برازیل میں دوستی اور خوشگوار تعلقات باہمی احترام اور ہم آہنگی کی بنیاد پر استوار ہیں۔