سری نگر ، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نامہ نگار) بھارت کے غیرقانونی قبضہ والے کشمیر میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی میں پلوامہ سے کشمیری سہیل احمد نوجوان گرفتارکر لیا گیا۔ شدید بارشوں، آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد جاں بحق، 12 زخمی، 26 لاپتہ ہوگئے۔ بھارتی صدر نے 4 روزہ دورہ مکمل کر لیا۔ ہم صرف زندہ ہیں، آزاد نہیں۔ غلام ہیں۔ یہ بات سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق نے کہی۔ تفصیلات کے مطابق غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے سرینگر میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی۔ ادھر بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خوف و ہراس کا ماحول پید اکرنے کیلئے کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، گاندربل، کولگام، شوپیاں اور دیگر علاقوں میں اپنی پر تشدد کارروائیاں جاری رکھیں۔ ضلع کشتواڑ میں شدید بارش اور آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد جاں بحق 12 شدید زخمی جبکہ 26 لاپتہ ہوگئے۔ ضلع کشتواڑ کے ہونزڑ، دچھن علاقے میں شدید بارش سے سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی۔ پانی کے ریلے اپنے ساتھ درجنوں افراد کو بہا کر لے گئے۔ جس کے بعد 7 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ 12 شدید زخمی افراد کو محفوط مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ 26 لوگ لاپتہ ہیں۔ سری نگر میں کشمیر یونیورسٹی کے 19 ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے اپنے خطاب میں بھارتی صدر نے کشمیر کو بھارت کے لئے امید کی ایک کرن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی ثقافت و روحانیت پورے ملک پر اثرانداز ہو تی ہے۔ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ، بھارتی پارلیمان کے رکن ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارت اگر کشمیرکی زمین کے بجائے کشمیریوں کوچاہتا ہے تو نئی دہلی کو دفعہ 370کے بارے میں دوبارہ غور کرناچاہئے۔ میں بی جے پی کا نوکر نہیں ہوں، میں عوام کا خادم ہوں۔ ہم نے ایک ایسی صورتحال کو جنم دیا ہے جو بھارت نواز ہیں۔ انہیں زیادہ یا کم نفرت کی جاتی ہے۔ دہلی حقائق سننا نہیں چاہتی، جب میں نے گزشتہ ماہ وزیر اعظم سے ملاقات کی تو میں نے انہیں بے تکلفی سے کہا، آپ کو ہم پراعتماد نہیں اور نہ ہمیں دہلی پر اعتماد ہے۔ سوپور میں مسلح افراد نے بھارتی فوج ، پولیس کی مشترکہ پارٹی پر دستی بم پھینکا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے تنازعہ کشمیر کو عالمی فورموں پر اجاگر کرنے کی کوششوں پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر سے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ آزادکشمیر کے عوام نے کشمیر کا مقدمہ بہتر انداز میں لڑنے پر پاکستان تحریک انصاف کی بھرپور حمایت کی ہے۔ ضلع کلگام کے مونند کے علاقے میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے نام نہاد تلاشی اور محاصروں کی کارروائی میں ایک اور کشمیری کے ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جعلی مقابلوں میں مزید اضافہ شدید تشویش کا باعث ہے۔