نذیر چوہان پھر گرفتار‘ آج پنجاب اسمبلی اجلاس کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری 

Jul 29, 2021

لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نیوز رپوزٹر) ایف آئی اے حکام نذیر چوہان کو جسمانی ریمانڈ کیلئے آج ضلع کچہری  میں پیش کریں گے۔ گذشتہ روز نذیر چوہان کی ضمانت منظور ہونے کے بعد انکی رہائی نہ ہو سکی۔ انہیں دوسرے مقدمہ میں گرفتار کر لیا گیا۔ انکے خلاف  مقدمہ میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے اور سائبر کرائم سے متعلق نئی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔ تھانہ ریس کورس میں درج مقدمہ میں نئی دفعات شامل کی گئیں۔ ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر نے نئی دفعات کی شمولیت بارے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر رائے مشتاق کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔ نذیر چوہان کی گزشتہ روز ضمانت منظور ہو گئی تھی۔  تمام دفعات قابل ضمانت تھیں مگر اب  دوسرے مقدمہ میں ناقابل ضمانت دفعات شامل  ہیں۔ مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کیخلاف سوشل میڈیا اور وٹس ایپ پر اشتعال انگیز بیان جاری کرنے پر سائبر کرائمز اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے پر 16 ایم پی او کی دفعات بھی مقدمہ میں شامل کی گئی ہیں۔ آج  صبح حکومتی ایم پی اے نذیر چوہان کو سائبر کرائم کیس میں ضلع کچہری میں جسمانی ریمانڈ کیلئے پیش کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی  چودھری پرویزالہٰی نے پی ٹی آئی رکن اسمبلی نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے  ہیں۔ وہ   آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ نذیر چوہان اس وقت ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں۔ دوسری جانب  لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے ہنگامی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں جس میں ایم پی اے نذیر چوہان کی گرفتاری کی مذمت کی  گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے  بعض حکومتی شخصیات طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہیں جس کا حکومت کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ اس طرح کا رویہ ہمیں احتجاج کرنے پر مجبور کردے گا۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ترین گروپ  پنجاب اسمبلی کے  اجلاس میں نذیر چوہان کے ساتھ ہونے والے سلوک پر پرامن احتجاج کرے گا۔ جبکہ اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان سے بھی وفد ملاقات کرے گا۔ ملاقات میں وزیراعظم کو ترین گروپ اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی رپورٹ تحریری طور پر پیش کرے گا۔

مزیدخبریں