لاہور (اپنے نامہ نگار سے) وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعویٰ کا جواب سیشن کورٹ میں جمع کرا دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر علی ظفر کی وساطت سے سیشن کورٹ لاہور میں جواب جمع کرایا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ عمر فاروق نامی شخص نے انہیں بتایا کہ آفر ہے، اگر عمران خان پاناما لیکس کی پیروی کرنا چھوڑ دیں تو وہ بھاری رقم دینے کو تیار ہے، رشوت کی پیشکش بارے جیسے بتایا گیا اسی طرح ہی بیان دیا۔ جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی شہرت ان کے بیان کے باعث نہیں بلکہ کسی اور وجہ سے متاثر ہوئی ہو گی۔ شہباز شریف کے الزامات ہتک عزت کے دعویٰ میں نہیں آتے۔ اپوزیشن لیڈر نے قانون کے مطابق 60 دن میں کوئی مخصوص نوٹس بھی نہیں بھیجا۔ وزیراعظم عمران خان نے جواب میں کہا ہے کہ شہباز شریف کا دعویٰ جھوٹا، بے بنیاد اور حقائق کو مسخ کر کے دائر کیا گیا۔ دعوے کو جرمانے کے ساتھ خارج کیا جائے اور اپوزیشن لیڈر سے کونسل کی فیس بھی وصول کی جائے۔
شہبازشریف کا ہتک عزت کا دعویٰ خارج کیا جائے: عمران کی استدعا
Jul 29, 2021