لاہور (نیوز رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) قوم کو پی پی 38 میں پسے ہوئے طبقات کے استحصال کے خاتمے کی نوید ہو۔ آزاد کشمیر کی طرح پی پی 38 میں بھی مافیاز کے بت پاش پاش ہو گئے اور پی ٹی آئی کو فتح نصیب ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 38 کے عوام نے برسوں سے لوٹ مار میں مصروف اور دیمک کی طرح چاٹنے والے مافیاز سے بدلہ لے لیا ہے۔ یہاں کی عوام جم کر ڈٹ کر کپتان کیساتھ کھڑی رہی اس حلقے میں مافیا نے ظل بحانی کی طرح اپنے محل اور وسیع و عریض جائیدادیں بنائیں اور حلقہ کی عوام کیلئے کچھ نہ کیا۔ یہاں پہلی مرتبہ پی ٹی آئی ریکارڈ ترقیاتی کام کروا رہی ہے۔ ن لیگ روایتی غنڈہ گردی کو عوام نے مسترد کر دیا۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو طاقت سے جواب دیں گے۔ رات کی تاریخی میں نوٹ بانٹ کر ووٹ کو عزت دینے والی ن بیگ نے ایک دفعہ پھر منہ کی کھائی ہے۔ حلقہ میں ہر طرف بلاہی نظر آیا اور نقلی شیر دم دبا کر بھاگ گیا۔ دوسر جانب سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ پنجاب کے سینئر نائب صدر چودھری سلیم بریار سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے سلیم بریار کو ان کے بیٹے احسن سلیم بریار کی پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ چودھری شجاعت حسین اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے بھی چودھری سلیم بریار کو احسن سلیم بریار کے جیتنے پر دلی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ احسن سلیم بریار نے سیالکوٹ میں تاریخی فتح حاصل کی ہے۔