لاہور+سندر (نیوز رپورٹر+نامہ نگار) نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کرونا میں مبتلا ہو گئیں۔ جس کی تصدیق ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے اپنے ایک ٹویٹ میں کی۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) کے مطابق مریم نواز کا کرونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی۔ جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں ہی کورنٹین کر لیا ہے۔ اس موقع پر ترجمان مسلم لیگ (ن) نے مریم نواز سمیت تمام مریضوں کی جلد صحت یابی کے لیئے دعا کی بھی اپیل کی۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے کہا ہے کہ بخار کھانسی اور فلو کی علامات ہیں گھر میں قرنطینہ کیا ہے۔ دعاؤں میں یاد رکھنے والوں کا بہت شکریہ۔مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سلیکشن میں ہار جیت نہیں ہوتی‘ مشیروں کے حوصلے بلند ہیں۔ ووٹ کو عزت مل کر رہے گی۔