لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اور فرسٹ بورڈ رآف کرکٹ ایسوسی ایشنز کی انتظامیہ کے درمیان نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہورمیں اہم ملاقات ہوئی۔اس ملاقات میں گذشہ مہینوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اس کے ساتھ آئندہ سیزن کے اہداف بھی مقرر کیے گئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی کاوشوں کو سراہا اورپی سی بی نے اس موقع پر اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس طویل میٹنگ میں مکمل مشاورت کے ساتھ کے ساتھ فیصلے ہوئے جس میں باصلاحیت افراد کی نشاندہی اور خاص طور پر بہترین کوچنگ سٹاف مقرر کرنا شامل ہے۔ چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کو کوالیفائیڈ کوچز مدد فراہم کریں گئے جس سے بہترین ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مدد ملے گی۔ میٹنگ کے دوران ہیڈ آف نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے ہائی پرفارمنس سنٹر میں کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کی ڈویلپمنٹ پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے لیے بہترین کوچز مقرر کئے گئے ہیں۔سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز نے نچلی سطح پر کرکٹ کی بہتری کے منصوبوں پر بات کی اور رواں سال میں کلب،سکول، کالج اور یونیورسٹیز کی سطح پر کرکٹ بحال ہونے کا امکان ظاہر کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کلب رجسٹریشن اور جانچ پڑتال کے عمل کے بارے میں کرکٹ ایسوسی ایشنز کے حکام آگاہ کیا اوران کو بتایا گیا کہ چار ہزار سے زائد کلبو ں نے رجسٹریشن کے آن لائن درخواستیں جمع کروائی ہیں اس کا اگلا مرحلہ مقررہ وقت پر شروع کیا جائے گا۔پی سی بی چیف ایگزیکٹیو وسیم خان:وسیم خان نے ملاقات کے متعلق خوشی کا اظہار کیا اور کہا اس طرح کرکٹ ایسوسی ایشنز اور پی سی بی حکام کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملی ہے اور یہ ملاقات اجتماعی طور پرآ?گے بڑھنے کے لیے مدد گار ثابت ہو گی۔اتنے کم وقت میں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ساتھ کام کر کے مجھے خوشی محسوس ہوئی اس سے متعلقہ حکام کے جذبے اور عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ ملاقات میں متعدد فیصلے لیے گئے ہیں پی سی بی اختیارات کو کرکٹ ایسوسی ایشنز تک منتقل کرنے کے عمل کو یقینی بنائیگا۔اسی سیشن کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے سندھ ،سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سپانسرز کا اعلان بھی کیا۔اے کیو بلڈرز لمیٹڈ سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سپانسر ہونگے اور سنٹرل پنجاب کو اگلے تین سال کے لیے پرائم آئل گھی ملز سپانسر کریں گے۔ گراس روٹس کرکٹ سدرن پنجاب کے سپانسر ہونگے۔سندھ اور سنٹرل پنجاب کی سپانسرشپ کی تین سالہ مدت کاآغاز سیزن 22-2021 سے ہو گا جبکہ سدرن پنجاب کی سپانسرشپ سیزن 23-2022 کے بعد اختتام پذیر ہو جائیگی۔