برمودا سب سے کم آبادی والا اولمپک گولڈ میڈلسٹ ملک بن گیا

ٹوکیو (آئی این پی)ٹوکیو اولمپکس میں ٹرائیتھلون کے مقابلے میں فلورا ڈفی کے میڈل کی بدولت برمودا اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والا دنیا کا سب سے کم آبادی والا ملک بن گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 33سالہ فلورا ڈفی چوتھی مرتبہ اولمپکس میں شریک ہوئیں اور 56خواتین کے مقابلے میں ٹرائیتھلون میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔انہوں نے ایک گھنٹہ 55 منٹ اور 36سیکنڈز میں یہ فاصلہ طے کیا ،انگلینڈ کی جیارجیا ٹیلر بران دوسرے اور امریکا کی کیٹی زیفرس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔یہ 63 ہزار آبادی کے حامل ملک برمودا کا اولمپکس میں پہلا گولڈ میڈل ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ اولمپک کا طلائی تمغہ جیتنے والا دنیا کا سب سے کم آبادی والا ملک یا خطہ بن گیا ہے۔اس سے قبل اولمپک میں میڈل جیتنے والے سب سے کم آبادی والے ملک کا اعزاز بھی برمودا کے پاس ہی تھا جب 1976 میں کلیرنس ہل نے باکسنگ میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔33سالہ ڈفی نے کہا کہ میں پانچ سال سے شدید دبا کا شکار تھی اور مجھے کبھی بھی اولمپکس فیورٹ تصور نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ برمودا میں سب خوشی سے پاگل ہو رہے ہوں گے جس کی وجہ سے یہ میرے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

ای پیپر دی نیشن