کراچی (نیوزرپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مضبوط دفاع اور طاقتور فوج ملکی سلامتی و دفاع کی ضامن ہے، اداروں کو مضبوط اور معاشی استحکام ترقی کیلئے لازم و ملزوم ہیں ، حکومت معاشی پالیسیوں کو جدید تقاضوں کے ہم آہنگ بنائے غریبوں کو ریلیف روزگار کی فراہمی اور مہنگائی کو ختم کیا جائے، پاکستان اللہ عزوجل کی عظیم نعمت ہے، حکمران بحرانوں کا خاتمہ کریں، چینی ، آٹا ، گھی ، تیل کے ساتھ اب پیٹرول کا بحران حکمرانوں کی کارکردگی پر نشان ہے، عوام کو بتایا جائے ان بحرانوں کو قانون کی گرفت میں کیوں نہیں لارہی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ملیر اور کورنگی کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ منشیات اسمگلر قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں ، منشیات اسمگلنگ کا پیسہ افرا تفری انتشار پھیلانے پر خرچ ہوتا ہے ، منشیات نے نیو جنریشن کی زندگی دائو پر لگا دی ہے، انہوں کا کہنا تھا کہ پولیس منشیات فروشوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لاکر نئی جنریشن کی زندگی کو محفوظ بنائے، خوشحال پاکستان کے لئے تعلیم ، صحت عدل و انصاف کے نظام کو اسلامی طرز پر بنانا ہوگا، انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے ہمیں ایک ہوکر کام کرنا ہوگا، اتحاد و یکجہتی کی طاقت سے ہی اسلام و ملک دشمن قوتوں کو شکست دی جاسکتی ہے۔
طاقتور فوج ملکی سلامتی کی ضامن ‘ثروت اعجاز قادری
Jul 29, 2021