پاکستان بحرین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے: شاہ محمود قریشی

Jul 29, 2021 | 08:22

ویب ڈیسک

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے بحرین کے نائب وزیر اعظم شیخ محمد بن مبارک الخلیفہ سے خصوصی ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال اور بات چیت ہوئی۔

شاہ محمود قریشی نے  کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے کیونکہ پاکستان اور بحرین تعلقات یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اقتصادی، تجارتی و باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم  فاٹف کے معاملے پر بحرین کی طرف سے فراہم کردہ حمایت پر تہہ دل سے ممنون ہیں۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ کرونا وبا کے دوران سلطنت بحرین کی جانب سے بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا خصوصی خیال رکھنے پر بحرینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر بحرینی نائب وزیرا عظم شیخ محمد بن مبارک الخلیفہ نے بھی پاکستان کی قیادت اور عوام کے لئے خیر سگالی کا پیغام دیا۔

بحرینی نائب وزیرا عظم شیخ محمد بن مبارک الخلیفہ نے کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی بحرین کی تعمیر اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں