اسٹیٹس کو کی حامل جماعتیں قصہ پارینہ ،کوئی مستقبل نہیں .ہمایوں اختر خان

Jul 29, 2021 | 20:41

ویب ڈیسک

 پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے بعد سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی فتح مخالفین کے منفی پراپیگنڈے اور ریاست مخالف بیانیے کی شکست ہے ، نتائج سے ثابت ہوگیاہے کہ عوام وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور ان کی پالیسیوں سے مطمئن ہیں،اسٹیٹس کو کی حامل جماعتیں اب قصہ پارینہ بن چکی ہیں او ران کا کوئی مستقبل نہیں ۔ پارٹی دفتر میں ملاقات کیلئے آنے رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اخترخان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یہ دعویٰ کر تی تھی کہ پنجاب اس کا گڑھ ہے لیکن یہی پنجاب اس کی سیاست کے لئے گڑھا ثابت ہورہا ہے ، انشااللہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی اور سندھ کی جانب بھی کامیابی سے پیشرفت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ  ہم کسی بھی جماعت میں توڑ پھوڑ کے حق میں نہیں ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) میں نام نہاد انقلاب کے بیانیے کی وجہ سے تذبذب کی صورتحال ہے جس کی وجہ سے اسے بطور جماعت اپنی بقاء کا سامنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کورونا وباء اور خطے کی گھمبیر صورتحال کے باوجود معیشت کوسنبھالا دیا ہے اور انشا اللہ اسی بنیاد پر عوام آئندہ عام انتخابات میں بھی تحریک انصاف کو اقتدارمیں لائیں گے اورترقی کے سفر کی رفتار مزید تیز ہو گی ۔

مزیدخبریں