عراق کے نامزدوزیراعظم کے خلاف احتجاج،پارلیمنٹ پر حملے کی کوشش

بغداد(این این آئی)عراق میں ایران نوازسیاست دان کی وزارتِ عظمی کے عہدے پر نامزدگی کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اور بلوہ پولیس نے بغداد کے انتہائی سکیورٹی والے علاقے گرین زون سے مظاہرین کو پیچھے ہٹانے کے لیے پانی توپ کا استعمال کیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق عراق میں گذشتہ سال اکتوبرمیں منعقدہ وفاقی انتخابات کے بعد سے سیاسی تعطل جاری ہے اور ابھی تک نئی حکومت تشکیل نہیں پاسکی لیکن ایران نواز جماعتوں نے محمد شاع السودانی کو وزیراعظم نامزد کیا ہے مگر دوسری جماعتوں کے حامیوں نے انھیں مسترد کردیا ہے اور ان کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ ملک میں جاری سیاسی تعطل اور ان کی نامزدگی کے خلاف بغداد میں اب تک کا یہ سب سے بڑا احتجاج ہے۔مظاہرین ایران کے حمایت یافتہ سیاسی گروپوں کی حکومت کی تشکیل کے لیے کوشش کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔انھوں نے شیعہ جماعتوں اوران کے اتحادیوں کی قیادت میں اتحاد کوآرڈی نیشن فریم ورک بلاک کے نامزد امیدوارمحمد السودانی کے انتخاب کے خلاف سخت نعرے بازی کی ہے۔عراقی پولیس کی بھاری نفری گرین زون کے مرکزی دروازوں تعینات کی گئی تھی جبکہ مظاہرین نے گرین زون کے دو داخلی راستوں کے ارد گرد جمع ہوکردھاوا بولنے کی کوشش کی اوربعض نے سیمنٹ کی دیوار پر چڑھ کر محمدالسودانی کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین میں بڑی تعداد بااثرشیعہ عالم مقتدی الصدر کے پیروکارکی تھی۔

ای پیپر دی نیشن