مہنگائی، لوڈ شیڈنگ: اتحادی حکومت نے 3 ماہ میں چودہ طبق روشن کر دیئے: سراج الحق 

Jul 29, 2022


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی پی کی اتحادی حکومت نے تین ماہ میں ہی عوام کے چودہ طبق روشن کر دیئے۔ گزشتہ 90دنوں میں پٹرول کی قیمتوں میں 90روپے فی لٹر، بجلی، گیس اور اشیائے خوردونوش کے نرخوں میںدو گناہ اضافہ ہوا۔ مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور طوفانی بارشوں سے ملک کا ہر شہری پریشان ہے۔ حکمران ٹولہ مسائل سے لاتعلق، عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ حکومتوں نے معیشت کو ٹھیک کرنے کی بجائے قرضوں پر اکتفا کیا اور ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا۔ ایک مخصوص لابی پہلے قومی اداروں کو ناکام بناتی ہے اور اس کے بعد انہیں بیچنے کے لیے پراپیگنڈا مہم شروع کی جاتی ہے۔ گورننس بہتر ہو جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ ادارے بہتر نہ ہو سکیں۔ کرپشن اور مس مینجمنٹ کی وجہ سے ملک میں تباہی آئی۔ حکمران اشرافیہ پٹرول بجلی مفت، ایکڑوں پر محیط محلات میں رہائش پذیر ہے اور اپنی مراعات کو کسی صورت کم کرنے پر تیار نہیں، اگر ملک معاشی مشکلات میں ہے تو حکمرانوں کی مراعات بھی ختم ہونی چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت اتحاد العلماء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک اور مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی قومی اداروں کی بے رحمانہ اونے پونے داموں فروخت کو قوم سے غداری سمجھتی ہے۔  معیشت بیٹھ گئی، ڈالر نے روپے کو کچل دیا جب کہ ہمارے حکمران سودی نظام کے محافظ بن کر بیٹھے ہیں۔

مزیدخبریں