سیلاب: پاک آرمی‘  نیوی‘ ایف سی امدادی سرگرمیوں میں مصروف

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج اور ایف سی کے دستے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کی بھر پور مدد کر رہے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں آرمی ایوی ایشن کے دو ہیلی کاپٹر کراچی سے اوتھل، لسبیلہ کے علاقوں کے لیے روانہ کئے گئے ہیں۔ ان ہیلی کاپٹروں نے گزشتہ 48  گھنٹوں کے دوران بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا لیکن خراب موسم کی وجہ سے زیادہ دیر تک پرواز نہیں کر سکے۔ اب ان ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ اور ضروری امدادی سامان کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔ گوادر میں جنرل آفیسر کمانڈنگ نے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے اوتھل کے علاقے کا دورہ کیا جبکہ آج خضدار میں سینئر مقامی کمانڈر خضدار اور گردونواح کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ اوتھل، جھل مگسی میں ریسکیو اور ریلیف ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور مقامی رہائشیوں کو خوراک اور پانی کی فراہمی میں مصروف ہیں۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔ کوسٹل ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔  تربت میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والے حفاظتی بند کی مرمت کر دی گئی۔ پنجاب کے علاقے ڈی جی خان میں سیلاب اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ مقامات پر پاک فوج امدادی کوششوں میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ مقامی لوگوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے فوج کی جانب سے 2 میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ کراچی میں نکاسی آب کی کوششوں کے علاوہ جامشورو اور گھارو کے علاقوں میں فوج امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ دوسری طرف پاک بحریہ کی جانب سے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔ زمینی راستہ منقطع ہونے کی وجہ سے پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے مختلف علاقو میں راشن اور دیگر ضروری سامان پہنچایا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب زدہ علاقوں کے عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

ای پیپر دی نیشن