مکہ مکرمہ ۔(اے پی پی)سعودی عرب کی الحرمین الشریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ غلاف کعبہ 30 جولائی 2022 ( ہفتے ) کوتبدیل کیا جائے گا۔ سعودی خبررساں ادارے نے الحرمین الشریفین انتظامیہ کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ یکم محرم الحرام کوالحرمین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی نگرانی میں غلاف کعبہ تبدیل کیا جائے گا۔ تبدیلی کے دوران خانہ کعبہ کے چاروں کونوں سے بیک وقت غلاف نیچے سے اوپر کی جانب لے جایا جائے گا اور پھرخاص طریقے سے اسے کسا جائے گا اور باب کعبہ کا پردہ بھی نیا ہوگا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کنگ عبدالعزیز کمپلیکس میں 200 کے قریب کاریگر اور منتظمین خانہ کعبہ کا غلاف تیار کرتے ہیں۔کمپلیکس کے شعبہ جات میں لانڈری اور آٹومیٹک ویونگ ڈیپارٹمنٹ، مینوئل ویونگ ڈیپارٹمنٹ، پرنٹنگ ڈیپارٹمنٹ، بیلٹ ڈپارٹمنٹ اور گولڈ تھریڈ ڈیپارٹمنٹ، غلاف کی سلائی اوراسمبلنگ سیکشن شامل ہیں جہاں دنیا کی سب سے بڑی کمپیوٹرائزڈ سلائی مشین موجود ہے۔