ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی سوئی نادرن گیس حکام سے ملاقات،مسائل کے حل کی ہدایت 

اسلام آباد(نا مہ نگار)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کی سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کمپنی کے نئے دریافت ہونے والے گیس ذخائر ولی ون اور بنوں ویسٹ ویل ون سے بنوں ، لکی مروت اور شمالی وزیرستان کی مقامی آبادی کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کرنے اور ان اضلاع کے عوام کے سوئی گیس سے متعلقہ دیگر مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی ۔یہ ہدایت انہوں نے سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کمپنی کے سینئر جنرل منیجر ارباب ثاقب ، صبعت اللہ سینئر جنرل منیجر پروجیکٹ ، تاج علی خان جنرل منیجرپشاور ریجن اور ایس این جی پی ایل دیگر کے اعلی حکام سے ہونے والی ملاقات کے دوران دی۔ملاقات میں امیر جمعیت علما اسلام (ف)مولانا فضل الرحمان اور لکی مروت سے رکن قومی اسمبلی مولانا محمد انور بھی موجود تھے ۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے ان پروجیکٹ میں مقامی آبادی کو اعتماد میں لینے اور انہوں ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہمی کی ہدایت کرتے ہوے کہا کہ مقامی آبادی میں ان پروجیکٹس سے گیس فراہمی کے متعلق گہری تشویش پائی جاتی ہے اور اس سلسلے میں ان اضلاع کے عوام سراپا احتجاج ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گیس کے ان ذخائر پر پہلا حق مقامی آبادی کا ہے لہذا ان کے مطالبات کو سنا جائے اور فوری طور پر پورا کیا جائے ۔ڈپٹی اسپیکر نے ایس این جی پی ایل کے اعلی حکام کو ان اضلاع کی منتخب قیادت اور عمائدین علاقہ کو اعتماد میں لے کر مسائل کو حل کرنے کی ہدایت کی ۔اس موقع پر امیر جمعیت علما اسلام(ف)مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ مذکورہ اضلاع کے عوام کے گیس سے متعلقہ مسائل سے وزیر اعظم شہباز شریف کو آگاہ کرنے کیلئے ملاقات کریں گے اور مقامی آبادی کو نئے دریافت ہونے والے ذخائر بنوں ویسٹ ویل ون اور ولی ون کے حوالے سے درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے بات کریں گے ۔سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کمپنی کے سینئر جنرل مینیجر اور دیگر اعلی حکام نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور  امیر جمیعت علما اسلام ف مولانا فضل الرحمان کو مقامی آبادی کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہمی کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کروائی۔

ای پیپر دی نیشن