کشمالہ طارق کو کام سے روکنے کی درخواست میں وزارت قانون و دیگر کو نوٹس


 اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ نے عہدے کی معیاد ختم ہونے کے بعد وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کشمالہ طارق کو کام سے روکنے کی درخواست میں وزارت قانون و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے شہری کی درخواست پرسماعت کیدو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ میں عدالت نے کہاکہ وفاق اور دیگر فریقین ایک ماہ میں پیراوائز کمنٹس جمع کرائیں۔درخواست میں کہا گیا کہ کشمالہ طارق کو 19 فروری 2018 کو چار سال کی مدت کیلئے تعینات کیا گیا،کشمالہ طارق اپنے عہدے کی مدت مکمل ہونے کے باوجود کام کر رہی ہیں، قانون کے مطابق چار سالہ مدت کے مکمل ہونے پر توسیع نہیں دی جا سکتی، کشمالہ طارق مدت مکمل ہونے کے بعد عہدے کا غیر قانونی استعمال کر رہی ہیں، درخواست گزارنے استدعا کی کہ کشمالہ طارق کو وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کے طور پر کام سے روکا جائے۔

ای پیپر دی نیشن