اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کی ڈپٹی ری پریزینٹیٹو لاتیکا ماسکی پرادھن اور اقلیتوں کے نمائندوں کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں،وفاقی وزیر نے اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کی ڈپٹی ری پریزینٹیٹو کو بتایا کہ ہماری حکومت ریپ کیسز پر بہت فکر مند ہے اور ہم اینٹی ریپ لاء کو نافذ کرنے پر بھرپور کام کر رہے ہیں، اینٹی ریپ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔جمعرات کو اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کی ڈپٹی ری پریزینٹیٹو لاتیکا ماسکی پرادھن سے ملاقات میں پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف مہناز اکبر عزیز بھی موجود تھیں۔ اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کی ڈپٹی ری پریزینٹیٹو نے پاکستان کے ساتھ مزید بہتر انداز میں کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مالی اور تکنیکی بنیادوں پر بھرپور تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں چائلڈ میرج کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔ لاتیکا ماسکی پرادھن نے اینٹی ریپ قانون کو سراہا۔وفاقی وزیر قانون نے اپنے آفس میں ہی اقلیتوں کے نمائندوں سے ملاقات کے موقع پر اْنہیں درپیش اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔