گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)صدر کلاتھ مارکیٹ بورڈ شیخ محمد افضل نے کہا ہے کہ تمام تاجر تنظیمیں حکومت کی طرف سے بجلی کے بلوں میں فکسڈ سیلز ٹیکس کی بھرپور مذمت کرتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تمام تاجر تنظیموں کے زیر اہتمام گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس میں میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ میں شیخ افضل جج، شیخ شرجیل، میاں فضل الرحمن، ہارون راغب میر، طاہر یونس بھٹی و دیگر تاجر نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ تاجر تنظیموں کے نمائندوں کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں فکسڈ سیلزٹیکس ہم کسی صورت بھی ادا نہیں کریں گے اور کل بروز ہفتہ تمام دکاندار جی ٹی روڈ پر بجلی کے بلوں میں لگائے گئے فکسڈ سیل ٹیکس کیخلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔ مقررین نے کہا کہ اگر اس احتجاج کے بعد بھی گورنمنٹ ہم سے مذاکرات میں ٹیکس واپس نہیں کرتی تو ہم ہڑتال سمیت دیگر معاملات کو زیر غور لائیں گے۔