گال (این این آئی)سری لنکا نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان کو 246رنز سے شکست دیکر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی، 508 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن فلاپ ہو گئی اور پوری ٹیم 261 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔گال میں میچ کے آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 89 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو امام الحق 46 اور بابر اعظم 26 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم 97 کے مجموعے پر امام الحق 49 رنز بنا کر رمیش کا شکار بن گئے۔ بابر اعظم 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 37 رنز بنا سکے۔ فواد عالم ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے اور آغا سلمان 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ یاسر شاہ 27 رنز بنا کر جے سوریا کا شکار بنے۔محمد نواز 12‘حسن علی11رنز بناکر چلتے بنے۔ نسیم شاہ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔نعمان علی بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آئوٹ رہے۔ پراباتھ جے سوریا نے 5 جبکہ رمیش مینڈس نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔ دھننجیا ڈی سلوا کو میچ جبکہ پرباتھ جے سوریا کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 378 رنز سکور کیے تھے جواب میں پاکستان 231 رنز بنا سکا تھا جبکہ سری لنکا نے دوسری اننگز 360 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرتے ہوئے پاکستان کو 508 رنز کا ہدف دیا تھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ۔ دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات ختم ہوچکے ہیں۔آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی درجہ بندی جاری کردی ہے جس کے مطابق قومی ٹیم تنزلی کے بعد تیسری سے پانچویں پوزیشن پر چلی گئی ہے۔دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم 51.85 وننگ فیصد کیساتھ تیسرے سے پانچویں نمبر پر چلی گئی ہے جبکہ جنوبی افریقا 71.43 وننگ فیصد کیساتھ بدستور پہلی اور آسٹریلیا 70 وننگ فیصد کیساتھ دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا 48.15 سے بڑھ کر 53.33 وننگ فیصد کیساتھ پانچویں سے تیسری پوزیشن پر آ گیا ہے جبکہ بھارت 52.08 فیصد کیساتھ بدستور چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔ویسٹ انڈیز 50 وننگ فیصد کیساتھ بدستور چھٹی ، انگلینڈ ٹیم 33.33 وننگ فیصد کیساتھ ساتویں، نیوزی لینڈ 25.93 فیصد کیساتھ آٹھویں اور بنگلہ دیش 13.33 فیصد کیساتھ نویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں نہیں پہنچ سکتا۔