لوانڈا۔(اے پی پی)انگولا کی ایک کان سے سب سے بڑاگلابی ہیرا لولو روز دریافت ہوا ہے جو یہاں 300 سالوں میں سب سے بڑا گلابی ہیرا ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق لوکاپا ڈائمنڈ کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ یہ ہیرا 170 قیراط کا ہے جو ہیروں سے مالا مال لونڈا نورٹ کے علاقے میں لولو ایلوویئل ہیرے کی کان سے ملا ہے۔ لوکاپا کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سٹیفن ویتھرل نے کہا کہ دریافت ہونے والے 10 ہزارہیروں میں سیصرف ایک ہیرے کا رنگ گلابی ہے لہذا یہ ایک بہت ہی نایاب ہیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلابی قیمتی پتھر کی نیلامی کے وقت زیادہ قیمت ملنے کی امید ہے تاہم وہ نہیں جانتے کہ اس کے رنگ کی وجہ سے کتنی قیمت ادا کی جائے گی۔