پاکستان کا چنائی شطرنج اولمپیا ڈ میں شرکت سے انکار

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان نے بھارت کے شہر چنائی میں منعقد ہونے والے 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ کو سیاسی رنگ دینے کی بھارتی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کو انٹرنیشنل چیس فیڈریشن نے 28 جولائی سے 10 اگست تک چنائی میں 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ بھارت نے اس باوقار بین الاقوامی کھیلوں کے ایونٹ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کرکے اس ایونٹ کی مشعل بردار ریلی کو غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر سے گزارا گیا۔ اس طرح علاقے کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو نظرانداز کرتے ہوئے بھارت نے دھوکہ دہی کا ارتکاب کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ اس طرح کے اشتعال انگیز اور ناقابل دفاع اقدامات سے وہ مقبوضہ کشمیر پر 7 دہائیوں سے جاری اپنے ناجائز، غیر قانونی اور ظالمانہ قبضے کے لیے جواز تلاش نہیں کر سکتا۔ پاکستان نے احتجاج کے طور پر پاکستان نے 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس معاملے کو انٹرنیشنل چیس فیڈریشن کے ساتھ بھی اعلیٰ سطح پر اٹھائیں گے۔ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیاں بند کرانے کے ساتھ ساتھ 5 اگست 2019ء کے غیرقانونی اور یکطرفہ بھارتی اقدامات کو منسوخ اور حقیقی کشمیری رہنماؤں سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں بارش اور سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر رنج کا اظہار کیا ہے۔ اعلامیہ اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق جانی نقصانات پر حکومت پاکستان اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
دفترخارجہ

ای پیپر دی نیشن