لاہور(خصوصی نامہ نگار) مجلس احرار اسلام پاکستان، تحریک تحفظ ختم نبوت اور مجلس خدام صحابہ پاکستان کے قائدین، رہنماو¿ں اور مبلغین نے عشرہ فاروق و حسینؓ کے سلسلہ میں مختلف مقامات پر خطبات اور اپنے اپنے بیانات میں واضح کیا ہے کہ تمام کے تمام صحابہ کرام اور اہل بیت عظام قرآن و سنت اور وحی الٰہی کے گواہ ہیں تاریخ کا سہارا لے کر اگر ان کو درمیان سے نکال دیا جائے تو کچھ بھی باقی نہیں رہتا۔ قائد احرار سید محمد کفیل بخاری، حاجی عبداللطیف خالد چیمہ، سید عطاءاللہ شاہ ثالث بخاری، میاں محمد اویس، سید عطاءالمنان بخاری، قاری محمد قاسم بلوچ، مولانا تنویر الحسن احرار، مولانا محمد اکمل، قاری ضیاءاللہ ہاشمی اور دیگر مبلغین احرار نے اپنے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ حضرات صحابہ کرامؓ اور اہل بیت عظام ؓکے ایام منانا ہمارا قانونی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا حسین کا ارشاد گرامی ہے کہ ”ہر شئی کی ایک بنیاد ہوتی ہے اور دین اسلام کی بنیاد صحابہ کرامؓ ہیں“۔ یوم عاشورہ کے موقع پر آج داربنی ہاشم ملتان میں عظیم الشان سالانہ مجلس ذکر و حسین منعقد ہو گی۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں سیرت و شہادت حسین کے سلسلہ میں پروگرام ہوں گے، چیچہ وطنی میں بعد نماز ظہر شہدائے کربلاکے حضور ہدایہ ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی ہوگی۔ بعد ازاں مقررین سیرت و شہادت حسین پر علمی و تحقیقی روشنی ڈالیں گے۔ آخر میں لنگر حسینی بھی تقسیم ہوگا۔