لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر کی مساجد میں سیرت علی المرتضیؓ و سیدنا حسنؓ ، سیدنا حسینؓ کی سیرت کے حوالے سے اجتما عات کا انعقاد کیا گیا۔ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا کہ سیدنا حسنؓ اور سیدنا حسینؓ جنت کے 2 پھول اور نوجوانوں کے سردار ہیں۔ تمام صحابہ کرام ،اہل بیت، ا±مھات المومنین سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ رسول اللہ کو اپنے نواسوں سے بے حد عقیدت اور پیار تھا۔ سیدنا حسنؓ کویہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے مسلمانوں کے 2 عظیم گروہوں میں صلح کروائی تھی۔ رسول اللہ نے سیدنا حسن اور سیدنا حسین کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا مانگی کہ میں ان دونوں سے محبت کرتاہوں ۔ آج کے بعد جو بھی سیدنا حسن اور سیدنا حسین سے محبت کرے اللہ تو بھی ان سے محبت کرنا۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ہشام الٰہی ظہیر کا کہنا تھاکہ جمعیت اہل حدیث پاکستان مطالبہ کرتی ہے ایک جج کے گھر ملازم بچی پر کئے جانے والے وحشیانہ تشد د کی کاروائی کے خلاف انتظامیہ سخت ایکشن لیکر قانونی کاروائی عمل میں لائے تا کہ بچی کے والدین کو انصاف مل سکے۔ علا وہ ازیں جمعیت اہل حدیث سیالکوٹ سے عرفان الحق، ذیشان الحق نے جمعیت اہل حدیث میں شمولیت کا اعلان کیا۔