لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس کی جانب سے گزشتہ روز نویں محرم 378 مجالس، 20 لائسنسی اور 59غیر لائسنسی جلوسوں کو خصوصی سکیورٹی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر 6ایس پیز، 34 ایس ڈی پی اوز، 83 ایس ایچ اوز،216 اپر سبارڈینیٹس، لیڈی پولیس اور 11ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے فرائض سرانجام دیئے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے یوم عاشور کی سکیورٹی کے حوالے سے کہا کہ لاہور پولیس نے یومِ عاشور کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ مجالس اور ماتمی جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جارہی ہے۔ تمام مجالس و جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مسلسل مانیٹرنگ کی جائےگی۔اس دوران حکومت پنجاب کی جانب سے یوم عاشور پر ڈبل سواری پر عائد پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائےگا۔ مرکزی جلوس کے راستوں پر مخصوص اوقات میں موبائل سروس معطل رہے گی۔بلال صدیق کمیانہ نے بارش کی صورت میں مجالس و جلوسوں کے راستوں کو انتظامیہ کی مدد سے بحال رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کی ٹیمیں مجالس اور جلوسوں کے روٹس کے اطراف مسلسل پٹرولنگ کریں گی۔ اہل لاہور سکیورٹی کے حوالے سے لاہور پولیس سے تعاون کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ لاہور پولیس محرم الحرام میں قیام امن کےلئے ہمہ وقت الرٹ ہے۔
نویں محرم پر 378 مجالس،79 جلوسوں کو خصوصی سکیورٹی فراہم
Jul 29, 2023