لاہور(نامہ نگار)محرم الحرام کے پر امن انعقاد کیلئے سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ اور کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی قیادت میں امن کارواں کا آغاز ہوا۔ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر،ایس پی سکیورٹی توقیر محمد نعیم، امن کمیٹی کے ارکان،علماءکرام، مجالس و جلوسوں کے لائسنس ہولڈرز، ضلعی انتظامیہ اوراعلیٰ پولیس افسران نے ٹاو¿ن ہال میں امن کارواں میں شرکت کی۔ اس موقع پر سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ اور کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے مجالس و جلوس آرگنائزرز، لائسنس ہولڈرز اورشیعہ کمیونٹی لیڈرز سے ملاقات کی۔سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ نے کہاکہ امن کارواں کا مقصد مقامی کمیونٹی لیڈرز سے اظہار یکجہتی، درپیش مسائل کے حل کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یومِ عاشور کے دوران امن کے قیام کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ یومِ عاشور پر شہر بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور نے کہاکہ اعزاداروں کو تین درجاتی سکیورٹی چیکنگ سے گزرنے کے بعدہی جلوسوں میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ سیف سٹی اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اورسی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوسوں کے روٹس کی سرویلنس کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی دارالحکومت میں جلوسوں اور مجالس کے وقت کی پابندی یقینی بنائی جائےگی۔ واقعہ کربلا ہمیں رواداری،بھائی چارے، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ امن کارواں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہاکہ تمام عقائد کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ آئیں ہم سب مل کر پر امن محرم الحرام کو یقینی بنانے کےلئے بین المسالک اتحاد و یگانگت کو اپنائیں۔ معاشرے میں قیام ِ امن کیلئے علماءکرام کا کردارکلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ امن کارواں کے شرکاءنے چوہنگ اوراسلام پورہ سمیت مختلف امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا۔