لاہور (خصوصی نامہ نگار) سیدالشہداءامام عالی مقام نواسہ رسول جگر گوشہ بتول حضرت سیدنا امام حسینؓ اور ان کے رفقاءکربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام لاہور میں ا جتماعات سے خطاب کرتے ہوئے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا، مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا عبدالنعیم، مولانا محبوب الحسن طاہر نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ سے محبت دراصل حضور نبی کریم سے محبت ہے۔ ذکر حسینؓ کے ساتھ فکر حسین ؓ کو بھی اپنانا چاہیے۔ امام حسین ؓ نے انسانیت کو باطل کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا۔ حضرت امام حسینؓ نے اپنے خون سے دین اسلام کے پودے کی آبیاری کی۔حسینیتؓ اور یذیدیت کی جنگ آج بھی جاری ہے۔ حضرت امام حسینؓ جرا¿ت و استقامت اور حریت و عزیمت کا استعارہ ہیں۔ شہدائے کربلا کی لازوال قربانیاں تاریخ اسلام کا روشن باب ہے۔ اہل حق حسینی جذبے سے سرشار ہو کر ہر دور کی یذیدی قوتوں کی مزاحمت جاری رکھیں گے۔علماءنے کہا کہ استعماری طاقتوں کی سرکوبی کیلئے حسینی فکر کو مشعل راہ بنانا ہو گا۔ نواسہ رسول نے سر کٹوا کر حفاظت دین کا حق ادا کر دیا۔عہد حاضر کے یزیدوں کی سرکوبی کیلئے پیغام حسین کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ کفر کا غلبہ توڑنے کیلئے حسینی مشن تیز کرنا ہو گا۔ غلبہ حق کیلئے سیدنا امام حسین کا لافانی کردار تاریخ اسلام کے ماتھے کا جھومر ہے۔