امام حسینؓ کا کردار رہتی دنیا تک مشعل راہ ہے:راغب حسین نعیمی 

لاہور(خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ امام حسینؓ کا کردار رہتی دنیا تک مشعل راہ ہے۔ آپ ؓ کے عمل و کردار سے ہر آنیوالے معاشرے کو روشنی ملتی رہے گی۔ واقعہ کربلا حق و صداقت پر ڈٹ جانے کی عظیم داستان ہے۔حضرت سید نا امام حسینؓ اور انکے جانثار ساتھیوں نے لازوال قربانیاں دے کر حق کا پرچم سربلند کیا۔ کربلا کے میدان میں حق و باطل کا معرکہ مسلمانوں کو ظلم اور بربریت کیخلاف جہاد کرنے کا درس دیتا ہے۔مذہبی اورسیاسی قائدین باہمی اختلافات بھلا کر اتحاد و بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ہمیں فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کی بجائے مذہبی ہم آہنگی اور اخوت اور محبت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ کربلا صرف مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ دنیائے عالم کیلئے ایک روشن آفتاب ہے جس کی روشنی سچائی اور حق کیلئے جاں فروشی کا مینار نور بن کر چمکتی رہے گی۔یوم عاشور رنج وغم کی المناک داستان کے ساتھ ساتھ باطل کے مقابلے میں حق کی سربلندی کا دن ہے۔واقعہ کربلا حق کیلئے جان قربان کرنے کا درس دیتا ہے۔ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار ،قربانی تحمل اور برداشت کا جذبہ پیدا کریں ۔

ای پیپر دی نیشن