حسینیت زندہ، یزیدیت فنا ہو گئی، اسلامو فوبیا عالمی امن کو مخدوش کر رہا ہے: شاہ محمود 

Jul 29, 2023


ملتان (خبر نگار خصوصی، سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حق اور سچ زندہ رہے گا، حسین اور حسینیت زندہ ہے اور رہے گی، یزیدیت فنا ہوگئی ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے ملتان میں تمام طبقات مل کر محرم الحرام کے ایام مناتے ہیں۔ اور یہاں سے امن کا پیغام پورے ملک میں جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ممتاز آباد میں 9محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی برآمدگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم زادہ زین حسین قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دریں اثناءسابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا کا بڑھتا رجحان امن عالم کو مخدوش کررہا ہے۔ سویڈن و ڈنمارک میں قرآن مجید کی بے حرمتی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ یزیدیت ایک خاص مائنڈ سیٹ ہے جس کا توڑ صرف حسینیت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن ثقافت پاکستان کے زیرِ اہتمام رضاکونسل ہال ملتان میں 45ویں حسینیہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فلسفہ حسینی کو اختیار کرنا ہوگا۔ اسلامو فوبیا کو ہم بھانپ چکے تھے تبھی ہم نے اسلامی وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں اس ایشو پر قرارداد منظور کی تھی۔ اس کو مزید آگہی سطح پر لے گئے تھے جس کے باعث 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف دن منائے جانے کا اعلان ہوا۔ اس موقع پر بانی کانفرنس ڈاکٹر غضنفر عباس مہدی، سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ مخدوم زین قریشی، آیت اللہ عباسی نجفی، ممبر صوبائی امن کمیٹی رہنما تحفظ عزاداری کونسل خاور شفقت بھٹہ، ممبر صوبائی امن کمیٹی ڈپٹی سیکرٹری جمعیت اہلحدیث پنجاب علامہ عنایت اللہ رحمانی، ممبر ضلعی امن کمیٹی مرکزی رہنما علماءکونسل پاکستان علامہ عبد الحق مجاہد، جنرل سیکرٹری سیرت کمیٹی وزکریا اکیڈمی ڈاکٹر صدیق قادری، سید مجاہد عباس گردیزی، پروفیسر عبد الماجد وٹو، صاحبزادہ لبیب ربانی نے کہاکہ آج دنیا کو فکر حسین کی ضرورت ہے۔
 شاہ محمود

مزیدخبریں