اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے چین پاکستان ڈیجیٹل کوریڈور شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا ہے کہ ہم نے چین پاکستان ڈیجیٹل کوریڈور شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے، حالیہ برسوں میں آئی ٹی انڈسٹری کے اندر اقتصادی آپریشنز پر بہت زیادہ توجہ دی گئی، پاکستان کے سٹرٹیجک انفراسٹرکچر، سائنس ٹیکنالوجی اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر بھی توجہ ہے۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان میں ایک قابل عمل ڈرون انڈسٹری کی تعمیر کے موضوع پرکانفرنس ہوئی۔ معین الحق نے کہا لوگوں کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے کئی صنعتوں میں ان مینڈ ایریل وہیکل (UAVs) کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ مثلاً ڈیزاسٹر مینجمنٹ، سمارٹ سٹیز، پولیسنگ اور زراعت کا شعبہ ان ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہا ہے۔ سی پیک بی آر آئی کا فلیگ شپ پروجیکٹ ہونے کے ناطے پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا پاکستان میں سول ڈرون ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام بھی زیر غور ہے۔ دوسری طرف پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل ون منصوبے کی فنانسنگ کے معاملات طے پا گئے۔ ذرائع کے مطابق کراچی سے پشاور تک 733 کلو میٹر ریلوے ٹریک اپ گریڈ اور دو روریہ کیا جائے گا۔ پشاور کراچی ٹریک پر ریل گاڑیاں 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی جائیں گی۔ ایم ایل ون منصوبے پر دستخط اگست کے پہلے ہفتے ہونے کا امکان ہے۔ ایم ایل ون منصوبے پر 16 ارب 50 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔ پاکستان کی طرف سے منصوبے کی لاگت کم کرنے پر زور دیا گیا تھا جس پر لاگت ساڑھے 8 ارب سے کم کرکے ساڑھے 6 ارب ڈالر کی گئی۔ منصوبے کی کل لاگت کا 15 فیصد پاکستان مہیا کرے گا۔
ڈیجیٹل راہداری