یوم عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، لاہور میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد 

لاہور +اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار‘ نامہ نگار+اپنے سٹاف رپورٹر سے) نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کا یوم شہادت آج 10محرم الحرام کو ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا منایا جائے گا۔ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف مقامات پر مجالس عزا کے انعقاد کے علاوہ علم اور شبیہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہو گئے۔ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاءکی حق، انصاف اور اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ لاہور میں رات گئے یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا آج نماز مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس میں شامل عزا دار نوحہ کنی، ماتم اور زنجیر زنی کریں گے۔ جلوس کے مقررہ راستوں پر دودھ اور پانی کی سبیلیں لگائی جائیں گی۔ قبل ازیں گزشتہ روز 9 ویں محرم الحرام کا اسلام پورہ پانڈو سٹریٹ سے جلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس اسلام پورہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ علاوہ ازیں مساجد میں بھی خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا، گھروں میں نذر و نیاز کا اہتمام کیا گیا۔ سڑکوں پر لنگر تقسیم کیا جاتا رہا جبکہ سبیلیں بھی لگائی گئیں۔ ماتمی جلوسوں کے روٹس اور اطراف میں موبائل فون سروس جلوسوں کے اختتام تک جزوی معطل رہے گی۔ ملک بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج‘ رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں۔ لاہور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں دس محرم کو بھی ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہوگی۔ جلوسوں کے راستوں میں آنے والے تجارتی مراکز اور رہائش گاہوںکی جامع تلاشی کے بعد ان کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے پیش نظر تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے اور تمام ایم ایس صاحبان کو ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو الرٹ رکھنے اور ادویات کا متعلقہ سٹاک پورا رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ پنجاب حکومت نے یوم عاشورہ کے موقع پر جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات پیشگی مکمل کر لئے ہیں۔ جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے 4 درجاتی حصار بنائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں‘ جنریٹرز‘ لائٹس‘ واک تھرو گیٹس‘ میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگر آلات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق 10محرم الحرام کو ملک بھر میں سیکیورٹی انتظامات کے تحت صبح 4 بجے سے رات 12 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...