اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق صوبہ کے عوام کا ہے، ترقی کے حوالہ سے میرا نظریہ لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے سے جڑا ہے، بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل محفوظ اور ذمہ دار ہاتھوں میں ہیں۔ جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ کل انہوں نے وفاقی وزرائ، آرمی و نیول چیف، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان اور حکومتی افسران کے ہمراہ گوادر میں اہم دن گزارا۔ ہم نے ترقی، بنیادی ڈھانچہ اور تعلیمی منصوبوں کے ایک سلسلہ کا سنگ بنیاد رکھا ہے جس سے علاقہ کی تقدیر بدل جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اکا دکا کوششوں کے باوجود بلوچستان ہماری اجتماعی غفلت کا نشانہ بنا ہے، اس صوبہ نے دیگر وفاقی اکائیوں کے مساوی ترقی نہیں کی ہے جو باعث شرم ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ترقی کیلئے ان کا نظریہ لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے سے جڑا ہے۔ لوگوں کی سماجی اور معاشی ترقی و بہبود ہی حقیقی ترقی کا ضامن ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق صوبہ کے عوام کا ہے، جب ان کے اور ان کے بچوں کی زندگی میں بہتر تبدیلی آئے گی تو وہ ترقی کے مالک اور حصہ دار بن جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال آنے والے بدترین سیلاب کے دوران انہوں نے بلوچستان کے تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور حالات کا خود مشاہدہ کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ لیٹ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران بلوچستان کے نوجوانوں سے ان کی ملاقات ان کے دورے کا ایک اہم حصہ تھا۔ ان نوجوانوں کے چمکتے اور دمکتے چہروں نے انہیں یقین دلایا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل محفوظ اور ذمہ دار ہاتھوں میں ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے صدارتی محل میں ملاقات اور تعزیت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ اپنے مختصر قیام کے دوران وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ان کے بھائی شیخ سعید بن زاید النہیان کی وفات پر تعزیت کی۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اس حوالے سے ایک ٹویٹ کیا ہے اور کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے ساتھ افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر سے تعزیت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلی ترین مقام عطا فرمائے اور تمام اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ وزیراعظم جمعہ کی دوپہر خاص طور پر یو اے ای کے صدر سے ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کے لئے ابو ظہبی پہنچے تھے اور کچھ دیر پہلے واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں۔