آر ایس ایس ، بی جے پی محض اقتدار کی رسیا ہیں: راہول گاندھی 

نئی دلی(این این آئی)انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما گاہول گاندھی نے ریاست منی پور کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم جانتے ہیں کہ انہی کے نظریے نے شمال مشرقی ریاست کو تباہی سے دوچار کر دیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے بنگلورو میں منعقدہ انڈین یوتھ کانگریس کے نیشنل یوتھ کنونشن سے آن لائن خطاب کے دوران کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے بی کا واحد ایجنڈہ عوام کے دکھ درد اور تکالیف کی پرواہ کیے بغیر اقتدار پر قبضہ جمائے رکھنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ منی پور جل رہا ہے لیکن وزیر اعظم ایک لفظ نہیں بول رہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم کو منی پور جانا اور وہاں کے لوگوں سے ملنا چاہئے تھا۔ انہوںنے کہا کہ اگر مودی کی جگہ کوئی اور وزیر اعظم ہوتا تو وہ عوام سے ضرور بات کرتے۔انہوںنے کہا کہ منی پور میں خواتین کے ساتھ روا رکھنے جانے والے بہیمانہ سلوک نے بھی نریندر مودی کو نہیں ہلایا۔راہول گاندھی نے کہا کہ ملک میں نظریات کی لڑائی چل رہی ہے ،ایک طرف آر ایس ایس اور بی جے پی کا نظریہ ہے اور دوسری طرف کانگریس کا نظریہ ہے ، کانگریس کا نظریہ سب کو ساتھ لے کر چلنے، محبت پھیلانے اور غیر مساوی سماجی نظام کے خلاف لڑنے کا ہے جب کہ بی جے پی اور آر ایس ایس تمام اداروں کو اپنے زیر کنڑول لانا چاہتی ہیں،بی جے پی اور آر ایس ایس صرف اور صرف اقتدار چاہتی ہیں ، یہ جماعتیں اقتدار کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہیں، کسی بھی ریاست کو جلا سکتی ہیں چاہے وہ منی پور ہو ،یوپی ہو، ہریانہ ہو یا پھرپنجاب۔
راہول گاندھی

ای پیپر دی نیشن