یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

 نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے رفقا کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج 10 محرم الحرام کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔  

یوم عاشور پر ملک بھر میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے جس میں علمائے کرام اور ذاکرین حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں سے عزاداروں کو آگاہ کر رہے ہیں۔

لاہور
10 محرم کا مرکزی جلوس لاہور کی نثار حویلی سے برآمد ہوا، جلوس میں ہزاروں عزادار شریک ہیں، حضرت امام حسینؓ کے بیٹے حضرت علی اکبرؓ کی آخری اذان کا تذکرہ اور نبیؐ کے گھرانے پر مظالم کے غم میں زنجیروں کا ماتم ہوا۔

لاہور سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس مغرب کے بعد گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

مرکزی جلوس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کے روٹ کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں، مرکزی جلوس کی 395 سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے3 آپریشن روم قائم کئے گئے ہیں۔

جلوس کی سکیورٹی پر 11 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، مرکزی جلوس کے داخلی راستے پر پانچ مقامات پر تلاشی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

کراچی
کراچی میں عاشورہ کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا ، شبیہ علم، تابوت اور ذوالجناح کی زیارت ہوگی جبکہ ملک بھر سے ماتمی دستے شریک ہوں گے۔

مرکزی جلوس عزا میں علم، تابوت، شبیہ ذوالجناح کی زیارات ہونگی، معروف ماتمی انجمنیں نوحہ خوانی و سینہ کوبی کرتے ہوئے سیدہ کو پرسا دینگے، مرکزی جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئی ہیں، جبکہ نیاز و تبرک بھی تقسیم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔

حیدرآباد، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، پشاور اور کوئٹہ میں بھی مرکزی جلوس برآمد ہوں گے۔

جلوسوں کے اختتام پر مجالس شام غریباں منعقد ہوں گی، جن میں امام عالی مقامؓ، ان کے عزیزوں اور ساتھیوں کی شہادت کے بعد نبیؐ کے گھرانے کی خواتین پر مظالم بیان ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن