ماسکو(این این آئی) سائبیریا میں ایک مسافر بردار ایم آئی-8 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی سائبیریا کے الٹائی ریپبلک میں ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر میں لینڈنگ کے وقت بجلی کے تاروں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی۔ہیلی کاپٹر میں 12 سیاح اور عملے کے 3 ارکان سوار تھے۔ ہیلی کاپٹر سیاحوں کو سائیبیریا کے صحت افزا مقامات کی سیر کے لیے لیکر گیا تھا۔ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کے دوران 7 افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال لیا جب کہ بری طرح جھلس جانے کے باعث 6 افراد ہلاک ہوگئے۔خیال رہے کہ Mi-8 ایک دو انجن والا ہیلی کاپٹر ہے جسے 1960 کی دہائی میں ڈیزائن کیا گیا تھا۔ یہ روس میں وسیع پیمانے پر استعمال کیا گیا ہے۔سائبیریا میں فضائی حادثات عام ہیں جس کی بڑی وجہ موسم کی خرابی ہونے کے علاوہ ان علاقوں میں پرواز کے لیے استعمل ہونے والے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کا قدیم ہونا بھی ہے۔