نائجر؍ پیرس (نوائے وقت رپورٹ) نائجر میں منتخب حکومت کا تختہ الٹنے والے صدارتی گارڈز کے کمانڈر جنرل عبد الرحمان چیانی المعروف جنرل عمر چیانی نے خود کو سربراہ مملکت قرار دے دیا۔ جمعہ کو قوم سے خطاب میں جنرل عبد الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک کی سکیورٹی کی بگڑتی صورتحال اور بیڈ گورننس کے باعث حکومت کا تختہ الٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بغاوت کرنے والے جنرل عبدالرحمان کے ترجمان کرنل میجر عمادو عبدرامانے کے مطابق ملک میں آئین معطل کردیا گیا ہے اور کونسل برائے تحفظ وطن کے سربراہ جنرل عبدالرحمان ہی ملک کے صدر ہوں گے۔ دوسری طرف فرانسیسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ نائجر میں بغاوت کے بعد گرفتار کئے جانے والے صدر کی صحت بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناجئر کے اسیر صدر محمد بازوم نے اپنے فرانسیسی ہم منصب میکرون سے کہا ہے کہ بغاوت کرنے والے عالمی برداری کی بات سنیں تو ان کیلئے راستہ موجود ہے۔ دوسری جانب امریکا اور فرانس نے نائجر میں فوجی بغاوت کی شدید مذمت کی ہے۔ جبکہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسیر صدر کیلئے واشنگٹن کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
نائجر میں حکومت کا تختہ الٹنے والے جنرل نے خود کو سربراہ مملکت قرار دیدیا
Jul 29, 2023