حضرت امام حسین کی عظیم قربانیوں سے ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی ملتی ہے

اسلام آباد(نا مہ نگار)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے یوم عاشورہ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشورہ ہمیں اس عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جو نواسہ رسول حضرت امام حسین نے اپنے اہل بیت اطہار اور رفقائے کار کے ساتھ میدان کربلا میں دین کی حفاظت و حرمت کے لئے پیش کی۔ حضرت امام حسین کی عظیم قربانیوں سے ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی ملتی ہے اور اگر نواسہ رسول کی جدوجہد کے ان پہلوں کو ملحوظ خاطر رکھ کر اپنے راستے کا تعین کیا جائے تو معاشرے کو درپیش مسائل پر آسانی سے قابو پایا جا سکتا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں اعلی مقاصد کے حصول کی خاطر ایثار و قربانی، صبر و استقامت کا وہ درس دیتا ہے جس کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جا سکتا۔یہی وہ عمل ہے جسے نواسہ رسول ﷺنے اختیار کیا اورہمیں حق کی سربلندی کے لئے ڈٹ جانے کا پیغام دیا۔آج کا دِن نواسہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے عظیم افکار و اعمال اور ثابت قدمی کا دن ہے۔شہید کربلا حضرت امام حسین ،ان کے خانوادے اور رفقائے کار نے میدان کربلا میں شہادت پاکر تاریخ اسلام میں اس دن کو تاقیامت انمٹ بنا دیا ہے۔امام حسین خوف خدا، فیاضی و سخاوت، زہد و تقوی، شجاعت و بہادری جیسے اعلی ترین اوصاف کے حامل تھے جنہوں نے شہادت کا راستہ اختیار کیا اور اسلام کی راہ میں شہادت کا عظیم رتبہ پا کر ایثار و قربانی کی ایک نئی داستان رقم کی۔امام عالی مقام حضرت امام حسین  کی شہادت تاریخ کے ہر دور میں صراط مستقیم پر چلنے والے قافلوں کے لئے ایک روشن مثال ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسین کی عظیم شہادت ہمیں دین اسلام کے لئے اپنی جان کی بازی لگادینے کا درس دیتی ہے۔چیئرمین سینیٹ و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ شہادت حضرت امام حسین  کی عظیم قربانی سے ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں راہنمائی ملتی ہے۔ میں دعا گو ہوں کہ اللہ تبارک و تعالی پاکستان کو امن، ترقی و خوشحالی سے ہمکنار فرمائے اور یوم عاشور کے اصل پیغام جو کہ عظیم قربانی پر مبنی ہے کو ہماری زندگیوں میں شامل فرمائے۔ اللہ تعالی ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔

ای پیپر دی نیشن