حکومت نے ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز (EPZs) میں پاکستانی کرنسی میں تعمیراتی سامان کی درآمد کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس اقدام کا مقصد خاص طور پر شمالی علاقوں میں EPZs کی ترقی اور برآمدات کو فروغ دینا ہے۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے EPZs رولز 1981 اور EPZs (کنٹرول آف انٹری اینڈ ایگزٹ آف پرسنز اینڈ گڈز) ریگولیشنز 1994 میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے جو کہ رسمی منظوری کیلیے وفاقی کابینہ کو پیش کی جائیں گی۔یہ ترامیم شمالی علاقوں گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور رسالپور کے EPZs میں سرمایہ کاروں کو غیر ملکی کرنسی کی بجائے مقامی کرنسی میں ٹیرف ایریا سے تعمیراتی سامان درآمد کرنے کے قابل بنائے گی، اس سے انہیں زرمبادلہ کی بچت اور مقامی صنعت کو سپورٹ کرنے میں مدد ملے گی۔یہ ترامیم سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی درخواست پر وزیراعظم کو پیش کی گئی تھی، تاہم اسٹیٹ بینک نے اس تجویز کی مخالفت کی تھی۔